Time 03 اگست ، 2019
پاکستان

گاڑیوں کی رجسٹریشن بک کی جگہ اسمارٹ کارڈ جاری کرنے کی منظوری

سندھ کابینہ نے اسلحہ لائسنس کو کمپیوٹرائز کرنے کیلئے 31 دسمبر کی مہلت دینے اور صوبائی محتسب کے تقرر کا اختیار گورنر سے لے کر وزیراعلیٰ کو دینے کی بھی منظوری دی— فوٹو: فائل

کراچی : سندھ کابینہ نے اسلحہ لائسنس کو کمپیوٹرائز کرنے کیلئے 31 دسمبر کی مہلت دینے، اسلام کوٹ تھر کے رہائشیوں کو 100 میگاواٹ بجلی مفت فراہم کرنے، صوبائی محتسب کے تقرر کا اختیار گورنر سے لے کر وزیراعلیٰ کو دینے اور گاڑیوں کی رجسٹریشن بک کی جگہ اسمارٹ کارڈ جاری کرنے کی منظوری دے دی۔

وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں مشیر اطلاعات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا کہ کابینہ نے بھارت کی جانب سے کشمیر میں کلسٹر بم کے استعمال کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور وفاقی حکومت سے گذارش کی ہے بھارتی ہائی کمشنر کو طلب کرکے اس معاملہ پر سخت ردعمل دیا جائے۔

کابینہ نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی جانب سے میڈیکل کالجز کے انٹری ٹیسٹ لینے کے فیصلے کو صوبائی معاملات میں مداخلت قرار دیا۔

اجلاس میں پاور ڈسٹریبیوشن کمپنیز کی غفلت، جس کی وجہ سے حالیہ بارشوں میں 23 انسانی جانیں ضائع ہوئیں، گہری تشویش کا اظہار کیا۔

سندھ کابینہ نے صوبائی محتسب کے ایکٹ 1991 میں ترمیم منظور کرلی ہے جس کے تحت صوبائی محتسب اعلیٰ کی تقرری اب گورنر کے بجائے وزیراعلیٰ سندھ کریں گے۔

کابینہ نے سندھ بینک کو تین ارب روپے دینے کی منظوری بھی دی جبکہ سندھ موٹر وہیکل رولز 1979 میں ترمیم کی منظوری دیتے ہوئے گاڑیوں رجسٹریشن بک جاری کرنے کے بجائے ایم وی آر سمارٹ کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔

اسمارٹ کارڈ سیکورٹی فیچرز سے لیس ہوگا جس کی فیس 750 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ ڈپلیکیٹ کارڈ کی فیس 800 روپے ہوگی۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ کابینہ نے 253 مقامات جن میں مندر، چرچ اور گوردوارے شامل ہیں، سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کی منظوری دی ہے۔

کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ پنشنرز کی بائیومیٹرک ہوگی تاکہ ان کی توثیق کی جاسکے اور اگر گھوسٹ پنشنرز ہیں تو انہیں ختم کیا جائے۔

سند ھ کابینہ نے اسلحہ لائسنس کمپیوٹرائزڈ نہ کرانے والوں کو آخری مہلت دیتے ہوئے کہا کہ مینئول لائسنس رکھنے والے 31 دسمبر 2019 تک اپنے لائسنسز کو کمپیوٹرائز کرالیں۔

مزید خبریں :