13 اگست ، 2012
کراچی … کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6 افراد کو قتل کیا گیا جن میں سے 3 افراد کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایاگیا۔ ایس ایس پی ساوٴتھ آصف اعجاز شیخ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ رمضان المبارک کے ابتدائی 23 دنوں میں 762 جرائم پیشہ ملزمان کو گرفتار کیا گیا، گرفتار کئے جانے والے ملزمان میں 529 جرائم کی وارداتوں، 113 اشتہاری اور 220 مفرور ملزمان شامل ہیں،جبکہ 23 دنوں میں 148 پولیس مقابلے ہوئے جن میں 63 گینگز کا خاتمہ کیا گیا، پولیس مقابلوں میں 9 ڈاکو مارے گئے۔ ایس ایس پی ساوٴتھ نے بتایا کہ مزار قائد اور اطراف میں جشن آزادی کے موقع پر 2000 پولیس اہلکاروں کی نفری تعینات کی جارہی ہے، جشن آزادی کے موقع پر شہر کے مختلف علاقوں میں آٹھ ہزار کی نفری تعینات ہوگی۔ ایس ایس پی ساوٴتھ کے مطابق 23 دنوں میں 5 ایس ایم جی، 6 رائفل، 706 پستول، 6 ریپیٹر، 4 ماوٴزر اور 4 دستی بم برآمد کئے، 24 گھنٹوں کے دوران 27 ملزمان گرفتار کئے گئے ۔ ساوٴتھ زون سے 11، ایسٹ سے ایک ،ملیر سے 6، ویسٹ سے 2 اور سینٹرل سے 7 ملزمان گرفتارکئے گئے۔