کھیل
Time 20 اگست ، 2019

گال ٹیسٹ: کین ولیمسن اور سری لنکن اسپنر اکیلا کے بولنگ ایکشن مشکوک قرار

میچ آفیشلز کی جانب سے بولنگ ایکشن رپورٹ کرنے کے بعد اب دونوں کھلاڑیوں کو 14 روز کے اندر اندر اپنا بولنگ ایکشن ٹیسٹ کروانا ہوگا — فوٹو: فائل 

سری لنکا کے شہر گال میں ٹیسٹ میچ کے دوران آفیشلز نے نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن اور سری لنکن اسپنر اکیلا دنن جیا کے بولنگ ایکشن کو مشکوک قرار دے دیا۔

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تحت نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان  پہلا ٹیسٹ 14 سے 18 اگست تک گال میں کھیلا گیا۔ 

دو ٹیسٹ کی سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا نے مہمان کیوی ٹیم کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔  

گال ٹیسٹ کے دوران کیوی کپتان کین ولیمسن اور سری لنکن اسپنر اکیلا دنن جیا کے بولنگ ایکشن کو میچ آفیشلز نے مشکوک قرار دیتے ہوئے اپنی رپورٹ آئی سی سی کو پیش کردی ہے۔ 

میچ آفیشلز کی جانب سے بولنگ ایکشن رپورٹ کرنے کے بعد اب دونوں کھلاڑیوں کو 14 روز کے اندر اندر اپنا بولنگ ایکشن ٹیسٹ کروانا ہوگا۔

بولنگ ایکشن ٹیسٹ کا نتیجہ آنے تک دونوں کھلاڑی بولنگ جاری رکھ سکیں گے۔

یاد رہے کہ سری لنکا کے بولر اکیلا دنن جیا نے گال ٹیسٹ میں مجوعی طور پر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

مزید خبریں :