25 اپریل ، 2024
گنیز ورلڈ ریکارڈز کی سینچری بنانے والے عالمی ریکارڈ ہولڈر عرفان محسود نے محکمہ کھیل خیبرپختونخوا (کے پی) کےافسران کے رویے سے نالاں ہوکر 5 لاکھ روپےکا انعامی چیک واپس کردیا۔
خیبرپختونخوا اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے گزشتہ روز عالمی ریکارڈ ہولڈر عرفان محسود کو 5 لاکھ روپے کا انعامی چیک ان کی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا تھا۔
انعامی چیک کھلاڑی نے اسپورٹس مشیر کے آفس اسٹاف کو واپس کردیا ہے۔
عرفان محسود نے جیو نیوز کو بتایا کہ محکمہ اسپورٹس کے افسران کا رویہ ہتک آمیز تھا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کی سینچری مکمل کرنے والے مارشل آرٹس کھلاڑی عرفان محسود کا کہنا تھا کہ اسپورٹس حکام کھلاڑیوں کو عزت نہیں دے سکتے تو انہیں کچھ پیسوں کی خاطر اپنے دفاتر نہ بلائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے افسران ان سے بارگیننگ کررہے تھے کہ 2 لاکھ چیک کافی ہوگا یا تین لاکھ روپےکا، اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے پاس اگر فنڈز نہیں ہے تو یہ چیک وہ کسی اور مقصد کے لیے استعمال کرلیں۔
محکمہ اسپورٹس حکام کے مطابق انہیں چیک واپس کرنے کا علم نہیں اور کھلاڑی کے ساتھ بدتمیزی نہیں ہوئی۔