Time 21 اگست ، 2019
پاکستان

وسیم اختر اور مصطفی کمال کے ایک دوسرے پر سنگین الزامات


میئر کراچی وسیم اختر اور سابق سٹی ناظم مصطفی کمال نے ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ کر دی۔

چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفیٰ کمال نے میئر کراچی وسیم اختر کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کامطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وسیم اختر کا نام ای سی ایل میں نہیں ڈالا گیا تو وہ اپنی ٹرم کے دوران ہی ملک چھوڑ کر بھاگ جائیں گے۔

 مصطفیٰ کمال کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وسیم اختر کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال کو کراچی نے مسترد کیا ہے، یہ ہے کون؟

انہوں نے کہا کہ مصطفیٰ کمال کے خلاف انکوائری چل رہی ہے، میں تو یہاں ہوں مصطفیٰ کمال تو بھاگ کر چلے جائیں گے۔

میئر کراچی نے کہا کہ مصطفیٰ کمال نے آج تک کیا کیا ہے؟ انہوں نے چائنہ کٹنگ ہی کی ہے جب کہ اس کے مقابلے میں سعید غنی اچھا آدمی ہے۔

وسیم اختر کا کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں کہ کراچی کے وسائل استعمال ہونے چاہئیں میں پوری کوشش کر رہا ہوں لیکن بلدیہ کے پاس اتنے اختیارات نہیں ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے پاس کچرا اٹھانے کی ذمہ داری نہیں ہے، جہاں مجھے اختیارات ہیں تو وہاں وسائل نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرے ماتحت فائر بریگیڈ، پارکس، ٹوٹی پھوٹی سڑکیں اور کے ایم سی کی اسپتالیں ہیں لیکن سڑکیں تب تک ٹھیک نہیں ہوں گی جب تک واٹر بورڈ اپنا نظام ٹھیک نہیں کرتا۔

مزید خبریں :