پاکستان
14 اگست ، 2012

گورنرسندھ کو نشان امتیاز ملنے پر مبارکباد،یہ مظلوموں کا اعزاز ہے،الطاف حسین

گورنرسندھ کو نشان امتیاز ملنے پر مبارکباد،یہ مظلوموں کا اعزاز ہے،الطاف حسین

لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے قومی خدمات کے اعتراف میں صدرمملکت کی جانب سے گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد کوملک کا سب سے بڑا سول اعزاز ” نشان امتیاز “ ملنے پر انہیں دلی مبارکبادپیش کی ہے۔گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد سے فون پر گفتگوکرتے ہوئے الطاف حسین نے کہاکہ یہ اعزازآپ کونہیں بلکہ ملک کے تمام محروم ومظلوم عوام کوملاہے،یہ اعزازمظلوموں کی تحریک کی خدمات کااعتراف ہے جو صرف مہاجروں کی نہیں بلکہ ملک کی تمام قومیتوں کی پارٹی ہے،جوپورے ملک کے ہرزبان بولنے والے، ہرنسلی ولسانی اکائی،ہرمذہب اورہرمسلک کے ماننے والے کی جماعت ہے۔یہ اعزاز سب ہی کومبارک ہو۔یہ اعزازاللہ تعالیٰ کے فضل، بزرگان دین کے کرم اورتحریک کے شہیدوں کی قربانیوں کاصدقہ ہے۔ الطاف حسین نے ڈاکٹر عشرت العباداوران کے اہل خانہ کوبھی دلی مبارکبادپیش کی اور دعاکی کہ اللہ تعالیٰ ڈاکٹر عشرت العبادکوغروروگھمنڈسے دوررکھے، ہمیشہ ثابت قدم رکھے اور اپنی حفظ وامان میں رکھے۔ دریں اثناء قائدتحریک الطاف حسین نے کہاہے کہ گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العبادکو قومی خدمات کے اعتراف میں ملک کا سب سے بڑا سول اعزاز نشان امتیاز ملناکسی ایک فردکیلئے نہیں بلکہ پوری پارٹی کے کارکنوں اور ملک کے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان ،آزادکشمیر اور پاکستان کے تمام شہروں ، قصبوں،گاوٴں گوٹھوں میں رہنے والے حق پرستوں کیلئے انعام ہے۔ انہوں نے یہ بات ایم کیوایم کے مرکزنائن زیروپررابطہ کمیٹی کے ارکان سے ٹیلیفون پر گفتگوکرتے ہوئے کہی۔انہوں نے رابطہ کمیٹی سے لیکرتحریک کے تمام یونٹوں،سیکٹروں، زونوں، ضلعوں ،شعبوں اوراوورسیزمیں موجودتحریک کے تمام کارکنوں کو مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہاکہ آج تحریک کیلئے اپنی جانیں قربان کرنے والے شہیدوں کالہورنگ لایاہے،ہم ان شہیدوں کوسلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ نشان امتیاز تحریک کے لاپتہ ساتھیوں کی قربانیوں اوران کے اہل خانہ کے صبر کوملاہے۔آج کااعزاز ان سب کیلئے ہے جو بدترین سے بدترین وقتوں میں ثابت قدم رہے،جو جیلوں اورٹارچرسیلوں میں صعوبتیں برداشت کرکے بھی تحریک سے اپنی وفانبھاتے رہے یہ اعزازان سب کی وفاوٴں اور قربانیوں کا انعام ہے۔میں آج تحریک کے تمام وفاشعاروں کوسلام پیش کرتاہوں۔ الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے ارکان سے کہا کہ وہ ملک بھر میں تمام یونٹوں، سیکٹروں، زونوں اورچاروں صوبوں، گلگت بلتستان، آزادکشمیر سمیت ملک بھر کے تمام اضلاع کے کارکنوں تک مبارکباد کا پیغام پہنچادیں، اللہ تعالیٰ اسی طرح تحریک کواپنے کرم سے نوازتارہے اورتحریک کوعروج بخشے۔انہوں نے رابطہ کمیٹی کے ارکان اور تمام کارکنوں وذمہ داروں کوتلقین کرتے ہوئے کہاکہ آپ کو کوئی بھی انعام واعزازملے کبھی غروروگھمنڈ کوقریب نہیں آنے دینا،تحریک ونظریے سے آخری سانس تک وفادار رہنا،اسی میں فلاح وبقاء ہے ۔ الطاف حسین نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ ایم کیوایم کوملک کے چپہ چپہ میں اس طرح پھیلادے کہ ہرگھرسے حق پرست کی آواز آئے ۔ انہوں نے تمام کارکنان وذمہ داران اورحق پرست عوام کوجشن آزادی کی مبارکباد پیش کی اوردعاکی کہ اللہ تعالیٰ ملک اوراس کے مظلوم عوام کوصحیح آزادی دلائے اورقبضہ گروپ اور مقبوضہ پن سے نجات دلائے ۔ اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے تمام ارکان نے بھی گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد کو نشان امتیازملنے پر الطا ف حسین کومبارکبادپیش کی اور اس اعزازکو ان کی تربیت ورہنمائی کی بدولت قراردیا۔

مزید خبریں :