پاکستان
15 اگست ، 2012

شمالی وزیرستان میں آپریشن سے متعلق بیان تشویشناک ہے، ڈاکٹر وسیم اختر

شمالی وزیرستان میں آپریشن سے متعلق بیان تشویشناک ہے، ڈاکٹر وسیم اختر

لاہور … امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے امریکی وزیر دفاع” لیون پینیٹا “کے بیان کہ”جنرل کیانی نے شمالی وزیرستان میں آپریشن کا منصوبہ بنالیا“ ہے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سیاسی و عسکری قیادت ہوش کے ناخن لے۔ انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں فوجی کارروائی کے بھیانک نتائج برآمد ہوں گے، ملک وقوم کی حفاظت اولین فریضہ ہونا چاہئے۔ ڈاکٹر وسیم اختر نے مزید کہا کہ امریکا خود تو اچھے اور برے طالبان کی اصطلاح استعمال کرکے ان سے مذاکرات میں مصروف ہے جبکہ ”ڈومور“کا مطالبہ ہم سے کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ امریکا نہ کبھی پاکستان کا دوست تھا اور نہ ہوگا، 100ارب ڈالر کا نقصان برداشت کرنے اور 50 ہزار افراد کی قربانی دینے کے باوجود پاکستان پر ڈبل گیم کا الزام لگایا جاتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ حکومت پاکستان کی خارجہ پالیسی کی واضح ناکامی ہے، امریکی سرمائے کا رخ بھارت جبکہ دباوٴ پاکستان پر ہے، نیٹوسپلائی کی بحالی ملک و قوم کے ساتھ غداری کے مترادف ہے۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادی نیٹو کے فی کنٹینر 235 ڈالر کے عوض عوامی جذبات کی توہین کررہے ہیں، حکمرانوں میں ضمیر نام کی کوئی چیز نہیں۔

مزید خبریں :