15 اگست ، 2012
اسلام آباد…سپریم کورٹ نے حج کرپشن کیس کی تفتیش کے لیے ایف آئی اے میں واپس نہ آنے پرحسین اصغر کے خلاف اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو انکوائری رپورٹ 7 دن میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے 2010 ء کے حج کرپشن کیس کی سماعت کی۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے نمائندے نے عدالت کو بتایا کہ حسین اصغر کے معاملے کی انکوائری جاری ہے۔ عدالت نے انکوائری جلد مکمل کر کے ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 28 اگست تک ملتوی کر دی۔ اسی بنچ نے وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کیخلاف اسٹیل ملز کیس کے حوالے سے توہین عدالت کارروائی پر سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔