15 اگست ، 2012
لاہور…محکمہ ماحولیات کے اسپیشل اسکواڈ نے ڈینگی لاروے کی موجودگی پر لاہور میں 2 زیر تعمیر عمارتیں سیل کر دیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ڈینگی کے مسئلے پر تمام محکمے اپنے انتظامات مکمل رکھیں اس بار کسی غلطی کی گنجائش نہیں۔ محکمہ ماحولیات نے ڈینگی لاروے کی افزائش روکنے کے لئے اسپیشل اسکواڈ تشکیل دیا ہے جسے مجسٹریٹ کے اختیارات حاصل ہیں۔ اسکواڈ نے لاہور میں کارروائی کرتے ہوئے گلبرگ میں 2 زیر تعمیر عمارتوں کو چیک کیا، ڈینگی لاروے کی موجودگی پر دونوں عمارتوں کو سیل کر دیا گیا ۔ ادھر ڈینگی کی روک تھام کے سلسلے میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اس وقت پنجاب کے کسی اسپتال میں ڈینگی کا کوئی مریض داخل نہیں۔ محکمے اپنی خامیاں دور کریں جبکہ پرائیویٹ ا سکولوں میں صفائی کے انتظامات کو یقینی بنا یا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ٹائر ورکشاپس کی رجسٹریشن کا عمل شروع کیا جائے۔