15 اگست ، 2012
ہیوسٹن… راجہ زاہداختر خانزادہ… ہر سال کی طرح اس سال بھی ہیوسٹن میں موجود تمام مسلم ممالک کی سسٹر سٹیز جس میں ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ،باکو ،ترکش ،ابوظہبی ،بنگلادیش سسٹر سٹیز کی جانب سے ہیوسٹن کی میئر انیس پارکر کے ہمراہ ہیوسٹن کے مسلمانوں کے اعزاز میں ایک افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا جو ہیوسٹن کے جارج براؤن کنونشن سینٹر میں منعقد کیا گیا ۔افطار ڈنر میں شہر کی مختلف تنظیموں جس میں یونیورسٹی آف کراچی (المنائے) سندھی ایسوسی ایشن ،ترکش ایسوسی ایشن،بنگلادیش ایسوسی ایشن ،کونسل آف امریکن اسلامک ریلیشن(CAIR)، ہیوسٹن شفا فاؤنڈیشن ،مسلم کونسل آف امریکا ،پرنس کریم آغا خان کونسل ساؤتھ ویسٹرن ،یوایس عرب چیمبر آف کامرس ،پاکستان امریکن کونسل ٹیکساس ،پاکستان کلب آف ہیوسٹن ،پاکستان امریکن سوسائٹی ،سن چیئرٹی سمیت دیگر تنظیموں کے عہدیداران و کارکنان اور عام مسلمان اس افطار ڈنر میں شریک ہوئے ۔میئر ہیوسٹن انیس پارکر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں ہر سال اس افطار ڈنر میں شریک ہوتی ہوں اور میری یہ خواہش ہوتی ہے کہ ہر سال اس طرح ہی آپ کے ساتھ شریک ہوتی رہوں۔میئر ہوسٹن نے اس موقع پر افطار ڈنر کی انتظامیہ کو بھر پور کامیاب افطار ڈنر پر مبارکباد پیش کی ۔اس موقع پر سابق سٹی کونسل کے رکن مسرور جا ویدخان،ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی کے صدر سعید شیخ،امام مصطفی لگمیت اردہ اخواندہ،مہمت اکومس،روحی اسگل،سنیل شرما،کمال اکومس اور دیگر شرکاء نے خطاب کیا جبکہ اسلامی اسکالر ڈاکٹر پر ویز احمد اور ڈاکٹر جمال محمود نے رمضان المبار کی فضیلت اور بر کت پر خصوصی لیکچر دیا۔پروگرام کی نظامت محمد خواجہ نے سر انجام دی،اس موقع پر دنیا کے مختلف ممالک کے ہیوسٹن میں موجود قونصل جنرل،مقامی سٹی کونسل کے اراکین اور شہریوں نے بھر پور شرکت کی ،ایک اندازے کے مطابق1500سے زائد عمائدین شہر نے ایک ساتھ روزہ افطار کیا اور امت مسلمہ سمیت امریکا کی ترقی کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔واضح رہے کہ افطار ڈنر سے کئی روز پیشتر اسلامک سوسائٹی آف ہیوسٹن اور پاکستان ایسو سی ایشن کے عہدیداران نے اس بنیاد پر افطار ڈنر کا بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا کہ ان کو ان کی خواہش کے مطابق اسٹیج فراہم نہیں کیا گیا ۔تاہم اس کے با وجود مقامی شہریوں نے افطار ڈنر میں بھر پور انداز میں شرکت کی۔اس موقع پر النور مسجد کے امام مولانا شاہد رضوی نے نماز مغرب کی امامت کی۔افطار ڈنر میں شریک مہمانوں کی تواضع لذیذ اور پرتکلف کھانوں اورپکوانوں سے کی گئی۔ جارج براؤن سینٹر دنیا کے ہر رنگ ونسل سے تعلق رکھنے والے افراد کے اجتماع کا خوبصورت منظر پیش کررہا تھا۔تمام حاضرین محفل نے پروگرام کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو سراہا۔دریں اثناء یونی ورسٹی آف کراچی المنائے کے صدر محمد آعظم اختر،ڈائریکٹر غلام محی الدین چشتی،نیر اظفار اور دیگر تنظیموں اور شہریوں نے کامیاب افطار ڈنر پر پروگرام کے روح رواں مسرور جاوید خان ، سعید شیخ سمیت دیگر انتظامی امور کے اراکین کو مبارک باد پیش کی۔حاضرین محفل کا کہنا تھا کہ یہ ایک یادگار افطار ڈنر تھا جو ہمیشہ یاد رہے گا۔