15 اگست ، 2012
اوتھل … بلوچستان کے ضلع آواران میں اوتھل سے پولیس کیلئے تنخواہیں لانے والی گاڑی پر مسلح افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکاروں سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے، ملزمان 28لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ضلع آواران کے پولیس ملازمین کیلئے پولیس وین اوتھل کے بینک سے 28لاکھ روپے لے کر آواران آرہی تھی جب یہ پولیس وین آواران سے 10 کلومیٹر کے فاصلے پر بریت کے مقام پر پہنچی تو نامعلوم مسلح افراد نے اس پر حملہ کردیا، مسلح افراد کی فائرنگ سے وین میں سوار ایک انسپکٹر،ایک سب انسپکٹر جاں بحق جبکہ 6پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ مسلح افراد کی اندھا دھند فائرنگ سے ایک راہ گیر بھی جاں بحق ہوا۔ مسلح افراد پولیس ملازمین کی تنخواہوں کے 28لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس حکام موقع پر پہنچ گئے اور تحقیقات شروع کردی۔