15 اگست ، 2012
اسلام آباد…سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی نے گرے ٹریفکنگ (کالزچوری )کو روکنے میں ناکامی پر پی ٹی اے پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے سخت قانون سازی اور پی ٹی اے کو جدید آلات خریدنے کی ہدایت جاری کردی ہیں۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی کا اجلاس محمد ادریس خان صافی کی زیرصدات پارلے منٹ ہاوٴس میں ہوا ،اجلاس میں پی ٹی اے کی جانب سے گرے ٹریفکنگ کو روکنے میں ناکامی پر کمیٹی نے سخت اظہار ناراضی کرتے ہوئے قرار دیاکہ ملک میں اربوں روپے کی غیرقانونی کالز چوری ہورہی ہیں،روک تھام کے جدید آلات کیوں نہیں لگائے گئے،قائمہ کمیٹی میں موجود چیئرمین پی ٹی اے نے موقف اختیار کیاکہ انہوں نے چند روز پہلے چارج سنبھالتے ہی گرے ٹریفکنگ کے سنگین مسئلے کا نوٹس لیاہے اور وجوہات جاننے کی کوشش کی جارہی ہے کہ ابھی تک آلات کیوں نہیں خریدے گئے ۔چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہاکہ گرے ٹریفنگ میں ملوث افراد کو سخت سزائیں دینے کیلئے قانون بنایاجائے اورقومی ریونیو کی چوری میں ملوث ملزمان کوقید اور جرمانے کی سزاوٴں میں اضافہ کیاجائے،کمیٹی نے ہدایت کی کہ وزارت آئی ٹی اور پی ٹی اے گرے ٹریفکنگ روکنے کے لئے جدید آلات کی فوری خریداری کریں کمیٹی نے قرار دیاہے کہ گرے ٹریفکنگ سنگین جرم ہے،اس حوالے سے پی ٹی اے تفصیلی رپورٹ آئندہ اجلاس میں پیش کرے۔