پاکستان
Time 14 اکتوبر ، 2019

الیکشن کمیشن نے بلاول سمیت ارکان صوبائی و قومی اسمبلی کو حتمی نوٹسز جاری کردیے

نوٹسز سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 11 کی انتخابی مہم میں حصہ لینے پر جاری کیا گیا— فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سمیت اراکین صوبائی و قومی اسمبلی کو حتمی نوٹسز جاری کردیے۔

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ندیم حیدر کے مطابق بلاول بھٹو زرداری، نثار کھوڑو، ناصرشاہ، مکیش چاؤلہ، شرجیل انعام میمن، شبیر بجارانی، سردار خان چانڈیو، سہیل انور سیال سمیت دیگر کو دوسرا اور حتمی نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آج پہلے نوٹس کا جواب جمع کرانے کی آخری تاریخ تھی تاہم جواب جمع نہ کرائے جانے پر حتمی نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

نوٹسز کے جوابات جمع نہیں کروائے گئے تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

نوٹس حلقہ پی ایس 11 کی انتخابی مہم میں حصہ لینے پر جاری کیا گیا۔

خیال رہے کہ 12 اکتوبر کو بلاول بھٹو زرادی کی قیادت میں ریلی نکالی گئی تھی۔

بلاول نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ لاڑکانہ کی عوام کسی کٹھ پتلی حکومت کے ساتھ نہیں ہے، وہ 17 اکتوبر کو تیر کو جتوائیں گے اور اِس جیت کے بعد ہم 18 اکتوبر کو کراچی میں جلسہ کریں گے۔

یاد رہے کہ سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 11 لاڑکانہ میں 17 اکتوبر کو ضمنی انتخاب ہونا ہے، یہ نشست گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے رکن اسمبلی معظم علی کو سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل قرار دیے جانے کے بعد خالی ہوئی تھی۔

مزید خبریں :