Time 18 اکتوبر ، 2019
پاکستان

لاہور: نجی اسکولوں کی نئی فیس ڈسٹرکٹ اتھارٹی مقرر کرے گی

پرائیوٹ اسکولوں کی فیسوں کا نوٹیفکیشن آئندہ 3 روز میں جاری کیا جائے گا: اتھارٹی — فوٹو:فائل 

ڈسٹرکٹ رجسٹریشن اتھارٹی لاہور نے 4 ہزار روپے سے زائد فیس لینے والے نجی اسکولوں کا فیس اسٹرکچر خود مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

ڈسٹرکٹ رجسٹریشن اتھارٹی حکام کے مطابق پرائیوٹ اسکولوں کی فیسوں کا نوٹیفکیشن آئندہ 3 روز میں جاری کیا جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی پرائیوٹ اسکول کو خود سے فیسیں بڑھانے کی اجازت نہیں ہوں گی، اتھارٹی جو فیس مقرر کرے گی، تمام ادارے صرف وہی فیس لینے کے پابند ہوں گے۔ 

مقرر کردہ فیس پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں نجی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن منسوخ کر دی جائے گی اور اسکولوں کو جرمانے بھی کیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں 2017 کے بعد سے نجی اسکولوں کی فیسوں میں کیا گیا اضافہ کالعدم قرار دیا تھا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہےکہ نجی اسکولوں نے 2017 سے خلاف قانون فیس میں بہت زیادہ اضافہ کیا، نجی اسکولوں کی فیس وہی ہوگی جو جنوری 2017 میں تھی، فیسوں میں کی گئی 20 فیصد کمی والدین سے ریکور نہیں کی جائے گی، نجی اسکول قانون کے مطابق اپنی فیسوں کا دوبارہ تعین کریں۔

سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ اسکولوں کی فیس کی ری کیلکولیشن کی نگرانی متعلقہ ریگولیٹری اتھارٹی کرے گی، متعلقہ اتھارٹی کی منظور شدہ فیس ہی والدین سے لی جاسکے گی اور والدین سے لی گئی اضافی فیس آئندہ فیس میں ایڈجسٹ کی جائے جب کہ ریگولیٹرز اسکولوں کی جانب سے وصول کی جانے والی فیس کی نگرانی کریں۔

عدالت نے اسکول فیس سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے کمپلینٹ سیل بنانے کا بھی حکم دیا تھا۔

مزید خبریں :