پاکستان
Time 27 اکتوبر ، 2019

پاکستان کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے: صدر مملکت اور وزیراعظم کا یوم سیاہ پر بیان

فائل فوٹو—

مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم سیاہ منایا گیا جس پر  صدر مملکت اور وزیراعظم  سمیت دیگر رہنما کشمیریوں سے پیغامات کے ذریعے اظہار یکجہتی کیا۔

صدر مملکت عارف علوی

صدر مملکت عارف علوی نے یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیریوں کا مقدمہ پاکستان کا مقدمہ ہے، ہر عالمی فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ اٹھاتے رہیں گے اور ہم کشمیریوں کےساتھ کھڑے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پوری دنیا میں کشمیریوں کے حقوق کی بات کرتا ہے مقبوضہ کشمیر میں جونہی کرفیو اٹھےگا تو کشمیری پھر سے اپنے جذبات کی عکاسی کریں گے۔

 وزیراعظم عمران خان

 وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پیغام دیا کہ 27اکتوبر1947کو بھارت نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئےکشمیرپرقبضہ کیا۔ 5 اگست 2019 سے بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں کئی گُنا اضافہ ہوا ۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کرفیو کے باعث مقبوضہ کشمیر کرہ ارض کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل ہوگیا ہے، وہاں ادویات اور اشیائے خورد نوش کی شدیدقلت ہے، ہزاروں افراد جابرانہ حراست میں لیے گئے، ہزاروں نوجوانوں کو اغواء کر کے نامعلوم مقام پر قیدکیا گیا جب کہ قید اور اغواء کیے گئے افراد کے ساتھ غیر انسانی اور تضحیک آمیز سلوک کیاجارہاہے۔

بھارتی جارحیت کو واضح کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی ریاستی دہشتگردی آج پہلے سے کہیں زیادہ سفاکانہ رخ اختیار کرگئی ہے جس سے نام نہاد" بڑی جمیوریت" ہونے کے دعویدار بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور بھارتی غیر قانونی ، یکطرفہ اقدامات کی منسوخی کا مطالبہ کرتاہے لہذا عالمی برادری مظلوم کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کےاحترام اور آزادی کو یقینی بنائے۔

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہم مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں کشمیری بھائیوں، بہنوں کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان ہمیشہ ان کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا اور حق خودارادیت کے حصول تک کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی ، سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

قائد حزب اختلاف شہباز شریف

قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے  یوم سیاہ کے موقع پر کہا کہ آج کشمیر بنے گا پاکستان کے اعلان کا دن ہے اور مسلم لیگ ن کے شیر ہر سطح پرکشمیریوں سے یکجہتی کا دن منا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تقسیم برصغیر کا ادھورا ایجنڈا کشمیر کی آزادی سے ہی مکمل ہوگا اور تکمیل پاکستان کے لیے کشمیر کی آزادی لازمی تقاضا ہے۔

پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری

یوم سیاہ کے موقع پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بھارت خطے میں نفاق، عدم استحکام اور انتہاپسندی کی جڑ ہے، مسئلہ کشمیر کا حل مقامی آبادی کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی تھی اور ہم کشمیریوں کو حق خودارادیت ملنے تک ہر سطح پر ان کی اخلاقی، سیاسی، سفارتی حمایت کریں گے۔

مزید خبریں :