18 نومبر ، 2019
پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر فخر زمان پر امید ہیں کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کر اپنی کھوئی ہوئی فارم بحال کرنے میں کامیاب ہوں گے اور آئندہ سال ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی تک اپنی خامیوں کو دور کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے ۔
فخر زمان نے آخری 10ٹی ٹوئنٹی میچوں میں صرف 85رنز ہی بنائے اور 10ماہ سے ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بنانے میں بھی ناکام ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اپنی خراب کارکردگی کی وجہ سے تنقید کی زد میں ہیں اور اپنی فارم کی بحالی کے لیے ان دنوں قائد اعظم ٹرافی میچز کھیلنے میں مصروف ہیں ۔
کراچی کے یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس پر میڈیا سے گفتگو مین فخر زمان نے تسلیم کیا کہ وہ اپنی کارکردگی سے خود مطمئن نہیں ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ کئی غلطیاں اور خامیاں سامنے آئی ہیں جنہیں دور کرنے کی اشد ضرورت ہے ، اسی لیے ٹرافی کے 4 روزہ میچز کھیل رہا ہوں تاکہ اعتماد اور پرفارمنس دونوں واپس آئے ۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے تسلیم کی کہ انہیں بطور اوپنر وکٹ پر دیر تک رکنے عادت ڈالنا ہوگی اسی لئے چار روزہ میچ کھیل کر وہ وکٹ پر رک کر کھیلنے کی کوشش کریں گے تاکہ نہ وہ صرف ٹیسٹ ٹیم میں واپس آ سکیں بلکہ ٹی ٹوئنٹی میں بھی کارکردگی کو بہتر بنائیں۔
فخر زمان نے کہا کہ اگر وہ اچھا نہیں کھیلیں گے تو ٹیم میں جگہ بنانامشکل ہوجائے گا ، وہ ان دنوں برے وقت سے گزر ررہے ہیں اور اپنی خراب پرفارمنس پر کوئی جواز پیش نہیں کریں گے۔
اہوں نے کہا کہ "سیدھی اور صاف بات ہے کہ میں برا کھیل رہا ہوں اور وقت آگیا ہے کہ اپنی خامیوں کو دور کروں ۔"
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ دورہ آسٹریلیا میں انہیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ،آئندہ سال ورلڈ ٹی ٹوئنٹی بھی آسٹریلیا میں ہی ہے ،پورا ایک سال ہے کوشش ہوگی کہ ورلڈ ٹی 20 میں پاکستانی اسکواڈ کا حصہ بنی ۔