پاکستان
Time 18 نومبر ، 2019

ایران سے آنے والے ٹماٹر بھی قیمتوں میں کمی نہ لاسکے

حکومت نے ٹماٹر کی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے 4 ہزار 500 سو میٹرک ٹن درآمدکرنے کا پرمٹ جاری کیا تھا،فوٹو:فائل

ایران سے درآمد کے باوجود بھی ملک میں ٹماٹر کی قیمتیں کم نہ ہوسکیں اور مختلف شہروں میں فی کلو ٹماٹر 320 روپے سے بھی زائد پر فروخت ہورہا ہے۔

 ایران سے ٹماٹروں کی بھاری کھیپ لے کر 4 ٹریلر کوئٹہ اور 9 ٹریلر پاک ایران سرحدی شہر تفتان پہنچ گئے جب کہ تفتان پہنچنے والے 9 ٹریلر بھی ایک دو روز میں کوئٹہ پہنچ جائیں گے۔

حکومت نے ٹماٹر کی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے 4 ہزار 500 میٹرک ٹن ٹماٹر درآمدکرنے کا پرمٹ جاری کیا تھا۔

کسٹم حکام کے مطابق ایران سے آنے والے ٹریلروں میں مجموعی طور پر 4 ہزار 500 میٹرک ٹن ٹماٹر لدا ہوا ہے، ایرانی ٹماٹر کوئٹہ سے تعلق رکھنے والی 7 نجی کاروباری کمپنیوں نے درآمد کیے ہیں۔

ایران سے ٹماٹر پاکستان پہنچنا شروع تو ہوگیا ہے لیکن ایرانی ٹماٹروں کی کھیپ بھی اس کی قیمت کو استحکام نہیں دے سکی، کراچی میں ٹماٹر 280 روپے سے لے کر 300 روپے سے زائد کی فی کلو قیمت میں فروخت ہورہا ہے۔

خریداروں کا کہنا ہے کہ اس قیمت پر ٹماٹر کی خریداری سب کے بس کی بات نہیں ہے۔ اس لیے وہ پاکستانی کچا ٹماٹر خرید رہےہیں۔ جس کی قیمت 120روپے کلو ہے۔

واضح رہےکہ ملک میں ٹماٹر کے بحران کے باعث اس کی قیمت 300 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے جس کے بعد خیال تھا کہ ایران سے ٹماٹر درآمد کرنے سے پاکستان میں ٹماٹر کی قیمت میں خاطرخواہ کمی ہوگی تاہم  ایساہوتا نظر نہیں  آیا۔

مزید خبریں :