پاکستان
Time 21 نومبر ، 2019

بھارتی اداکارہ وزیراعظم عمران خان کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکیں

فائل فوٹو

بھارت کی تامل اداکارہ پونم کور نے کرتار پورراہداری کھولنے پر وزیراعظم عمران خان سے تشکر کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان کے دورے پر آنے والی اداکارہ پونم کور نے اسلام آباد میں وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان سے ملاقات کی جس دوران فردوس عاشق اعوان نے اداکارہ کو  تحائف بھی پیش کیے۔

اس موقع پر اداکارہ نے کہا کہ وہ  کرتار پورراہداری کھولنے پر وزیراعظم عمران خان اور پاکستان کی شکر گزار ہیں، پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی اور یہاں سے خوبصورت یادیں لے کر واپس جا رہی ہوں۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے اداکارہ سے گفتگو میں کہا کہ  وزیر اعظم عمران خان نے کرتار پور راہداری کے ذریعے محبت کا بیج بویا، کرتار پور راہداری بین المذاہب ہم آہنگی کی عظیم اور روشن مثال ہے۔

واضح رہےکہ پونم کور نے کرتارپور راہداری کھولنے کی تقریب میں بھی شرکت کی تھی اور گوردواروں پر حاضری دی تھی۔



مزید خبریں :