23 نومبر ، 2019
سندھ کے وزیراطلاعات سعید غنی نے وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان بے تکی باتیں کرتے ہیں۔
گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت سے متعلق کہا تھا کہ جب نواز شریف کو جہاز کی سیڑھیاں چڑھتے دیکھا تو پھر ڈاکٹرز کی رپورٹ یاد آ گئی، رپورٹ میں تو تھا کہ مریض کو دل کا بھی مسئلہ ہے، کڈنی بھی خراب ہے، شوگر بھی بڑھی ہوئی ہے، مریض کو باہر جانے کی اجازت نہ دی تو وہ کسی بھی وقت گیا۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ سوچ رہا ہوں جہاز دیکھ کر مریض ٹھیک ہوا یا لندن کی ہوا لگتے ہی مریض ٹھیک ہوگیا، ابھی تک پتہ نہیں لیکن اس کی تحقیقات کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے کہا تھا کہ میں پھر سے رپورٹ دیکھ رہا تھا کہ ہارٹ ٹھیک نہیں، شوگر ٹھیک نہیں اور پلیٹیلیٹس بھی کم ہیں لیکن سیڑھیاں چڑھتے دیکھا تو کہا کہ اللہ تیری شان ہے۔
وزیراعظم کے بیان پر اپنے ردعمل میں پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما و صوبائی وزیراطلاعات سعید غنی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان بےتکی باتیں کرتے ہیں، پہلے انہوں نے خود کہا تھا کہ نواز شریف کی طبیعت ٹھیک نہیں، عمران خان کی باتیں سن کر ان کی کیفیت پر پریشانی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کو ان کا حق نہیں دیا جارہا ، حکومت کےمیڈیکل بورڈ میں آصف علی زرداری کے اپنے معالج شامل نہیں، آصف زرداری کی صحت کے معاملے پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف علاج کی غرض سے 19 نومبر کو بھائی شہباز شریف اور ذاتی معالج کے ڈاکٹر عدنان کے ہمراہ لندن روانہ ہوئے تھے۔