19 اگست ، 2012
میرانشاہ … شمالی وزیرستان کی تحصیل شوال میں امریکی جاسوس طیارے کے ایک اور میزائل حملے میں مزید 3 افراد جاں بحق ہوگئے، دو میزائل حملوں میں ہلاک افراد کی تعداد 7 ہوگئی۔ 24 گھنٹوں کے دوران شوال میں دوسرا اور 2روز کے دوران شمالی وزیرستان میں یہ تیسرا میزائل حملہ تھا۔ شمالی وزیرستان کی تحصیل شوال میں 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والے دوسرے ڈرون حملے میں ایک گھر کو نشانہ بنایا گیا۔ ذرائع کے مطابق مانا میں جاسوس طیارے نے گھر پر 2 میزائل داغے جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ مانا ہی میں علی الصبح ساڑھے 4 بجے کے قریب جاسوس طیارے نے 2 گاڑیوں کو نشانہ بنایا تھا جس میں 4 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ گزشتہ روز بھی شوال میں ایک گھر پر جاسوس طیارے کے میزائل حملے میں 12 افراد کی ہلاکت ہوئی تھی، اس طرح 48 گھنٹوں کے دوران امریکی جاسوس طیاروں کے میزائل حملوں میں جاں بحق افراد کی تعداد 19 ہوگئی ہے۔