19 اگست ، 2012
لاہور…پنجاب کے وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے میٹروبس منصوبے کیلئے کھودے گئے گڑھے میں گر کر جاں بحق ہونے والی خاتون کے اہل خانہ کو5لاکھ روپے امداد کا اعلان کیاہے اور پولیس اور متعلقہ اداروں کے عملے کو میٹرو بس روٹس پرحاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت میٹرو بس پراجیکٹ پر حفاظتی انتظامات کاجائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس ہوا،انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے تمام حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائیگا ،شہبازشریف کاکہناتھا کہ میٹروبس پراجیکٹ کا سافٹ وئیرتیار کیا جا رہا ہے جوہر کام کا ٹائم فریم دے گا۔ مانیٹرنگ کا نظام موٴثر بنا کر خامیاں دور کی جا رہی ہیں،انہوں نے عید تعطیلات کے دوران پراجیکٹ کے روٹس پر خصوصی حفاظتی اقدامات کی ہدایت بھی کی ۔