19 اگست ، 2012
کراچی…وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے ریلیف حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے خشک سالی سے متاثرہ تھرپارکر کو آفت زدہ علاقہ قرار دئیے جانے کے بعد وہاں کی عوام کے خریف کے آبیانے معاف کر دئیے جائیں گے، مجموعی طور پر 14 لاکھ افراد کی مدد کی جا سکے گی۔ کراچی پریس کلب میں نیوز کانفرنس کے دوران صوبائی مشیر حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ ضلع تھرپارکر کے پانچ دیہہ کے سوا باقی 161 دیہہ کے مکینوں کو فائدہ حاصل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے محکمہ ریلیف کی جانب سے تھرپارکر کو آفت زدہ علاقہ قرار دینے کی سمری ایک روز قبل ہی بھجوائی تھی، جسے سید قائم علی شاہ نے منظور کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ بارشیں نہ ہونے سے تھر پارکر خشک سالی کا شکار ہے۔ فصل نہ ہونے سے غذائی اجناس کی قلت ہے اور مویشی ہلاک ہو رہے ہیں۔ جس کی وجہ سے چار سے پانچ لاکھ افراد نقل مکانی کریں گے۔ حلیم عادل شیخ نے عالمی برادری اور مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ خشک سالی کا شکار تھر کی عوام کی مدد کے لئے آگے آئیں۔