06 دسمبر ، 2019
کوئٹہ میں محکمہ تعلیم اور حکومت کی بے حسی کی انتہا نے سخت سردی میں طلبہ کا امتحان دگنا کردیا۔
آج کل کوئٹہ سمیت بلوچستان کے سرد زون میں واقع 21 اضلاع میں اسیسمنٹ ایگزامینیشن کمیشن کے تحت مڈل کے سالانہ امتحانات جاری ہیں۔
امتحان دینے والے طلبہ کے لیے افسوسناک حد تک سہولیات کافقدان ہے، شدید سرد موسم میں نہ تو ان کے لیے مناسب کمرہ امتحان کا بندوبست ہے، نہ ہی گیس ہیٹرز اور نہ ہی بیٹھنے کے لیے کرسی اور میز کا انتظام ہے۔
اس صورتحال کا اندازہ کوئٹہ شہر کے وسطی علاقے میں گورنمنٹ اسپیشل ہائی اسکول میں قائم امتحانی مرکز میں ان بنیادی سہولیات کے فقدان سے لگایاجاسکتا ہے، جہاں طالب علم سرد موسم میں کمروں کی بجائے اسکول کی راہداریوں میں فرش پر امتحان دینے پر مجبور ہیں۔
طالب علموں کے بیٹھنے کے لیے چٹائی اور ٹاٹ تک میسر نہیں بلکہ ٹھنڈی زمین پر بیٹھ کر مستقبل کے معمار پرچہ حل کررہے ہیں۔
مڈل کا امتحان دینے والےطلبہ کا کہنا تھا کہ کوئٹہ کے شدید سرد موسم میں ٹھنڈے فرش پر بیٹھ کر گیس ہیٹرز کے بغیر امتحان دینا انتہائی مشکل کام ہے۔
دوسری جانب جیو نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے سیکنڈری ایجوکیشن حاجی محمد خان لہری نے سہولیات کے فقدان کا نوٹس لیتے ہوئے طلبہ کے لیے ہر ممکن سہولت دینے کی ہدایات جاری کیں۔
محکمہ تعلیم بلوچستان نے قائم مقام ناظم مڈل امتحان عارف شاہ کا تبادلہ کردیا اور انہیں محکمہ ثانوی تعلیم رپورٹ کرنےکی ہدایت کی۔