09 دسمبر ، 2019
وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کی وزارتوں کی کارکردگی رپورٹ طلب کرلی۔
گزشتہ دنوں پنجاب میں انتظامی تبدیلیاں کرتے ہوئے نیا انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی) اور چیف سیکرٹری تعینات کیا گیا تھا۔
اب وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کی وزارتوں کی کارکردگی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان صوبائی وزراء سے براہ راست ملاقاتیں کرکے کارکردگی کا جائزہ لے رہے ہیں جبکہ انہوں نے استفسار کیا کہ وزراء اپنی کارکردگی کیوں عوام کے سامنے نہیں لارہے؟
ذرائع نے بتایا کہ عمران خان ہر ہفتے 2 وزراء سے ملاقاتیں کرکے رپورٹ لیں گے اور انہوں نے وزراء کو مستقبل کا پلان بھی عوام کے سامنے لانے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم نے سیاسی حلقوں اور عوامی تنقید کا بھی مؤثر جواب نہ دینے پر تشویش کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کورکمیٹی کااجلاس اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرِ صدارت ہوا جس میں پنجاب میں انتظامی تبدیلیوں کی ضرورت پر زور دیاگیا۔
اجلاس کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بُزدار نے 24 گھنٹوں کے دوران وزیراعظم عمران خان سے 2 بار ملاقاتیں کی تھیں اور بڑے پیمانے پر بیوروکریسی میں تبدیلیاں کی گئیں۔