پاکستان
Time 16 دسمبر ، 2019

دہشت گردوں اور انکے سہولت کاروں سے نمٹنے تک اے پی ایس ہماری تاریخ پر دھبہ رہے گا: بلاول

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں سے نبرد آزما ہونے تک اے پی ایس سانحہ ہماری تاریخ پر ایک دھبہ رہے گا۔

آرمی پبلک اسکول پر دہشت گرد حملے کی پانچویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے معصوم شہداء اور اساتذہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اے پی ایس کے شہداء کا غم ہمارے لیے ہمیشہ باعث صدمہ رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ جب تک ملوث قوتوں سے نبرد آزما نہیں ہوں گے اس وقت تک یہ سانحہ ہماری تاریخ میں ایک دھبہ رہے گا، بطور قوم ہماری ذمہ داری ہے کہ اب ہم بولیں کہ 'دوبارہ ایسا نہیں ہو گا'، خصوصاً ان قوتوں کے خلاف لڑائی جنہوں نے دہشتگردی کی آبیاری کی۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا ہے کہ انتہا پسندی اور دہشتگردی درحقیقت امن و ترقی کے دشمن ہوتے ہیں، دہشتگردوں کے سہولت کار اور سرپرست انسانیت کے مجرم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اے پی ایس حملے میں مذموم مقاصد کے حصول کی خاطر انتہا پسندی اور دہشتگردی کو بطور آلہ استعمال کیا گیا، مخصوص ایجنڈا مسلط کرنے کا مقصد پوری قوم کو یرغمال بنا کر شہریوں کو خوف میں مبتلا رکھنا تھا۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کا دہشتگردی کے خلاف ہمیشہ دو ٹوک موقف رہا ہے، تمام پاکستانیوں کا حق ہے کہ ان کی ذات یا عقیدے کی آزادی کو کوئی خطرہ لاحق نہ ہو اور دوٹوک مؤقف اختیار کرنے کی پاداش میں پیپلز پارٹی کو بہت قربانیاں دینا پڑی ہیں، پارٹی قیادت سمیت بیشمار کارکنان کو اس جنگ کے دوران شہید کیا جاتا رہا۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں اور ان کے آمر سرپرستوں کے خلاف جدوجہد کے دوران قوم نے بہت بڑی قیمت ادا کی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے ہاتھوں اپنی جان گنوانے والے 60 ہزار بیگناہ شہریوں میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خون بھی شامل ہے، شہید بی بی کو دہشتگردی اور اس کی پرورش کرنے والی آمریت کے خلاف سینہ سپر ہونے کی پاداش میں قتل کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا پیپلز پارٹی انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہر اول دستے کا کردار نبھاتی رہے گی، پی پی پی ہمیشہ مساوات پر مبنی پُر امن، خوشحال اور ترقی پسند پاکستان کے لیے سرگرم عمل رہی ہے اور تمام پاکستانیوں کی آزادی اور ان کے حقوق کی لڑائی لڑتی رہے گی۔

مزید خبریں :