16 دسمبر ، 2019
کراچی کے فش ہاربر پر خوفناک آتشزدگی میں کروڑوں روپے مالیت کی 8 لانچیں جل کر خاکستر ہوگئیں۔
کراچی فش ہاربرپر رات گئے اچانک ایک ہوٹل میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے برتھ نمبر 5 پر کھڑی نئی لانچوں کو لپیٹ میں لے لیا۔
سیکیورٹی انچارج فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی ناصر بونیری نے بتایاکہ ہوٹل کے قریب رکھے تیل کے ڈرموں کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیلی اور برتھ نمبر5 پر کھڑی نئی 8 لانچیں جل گئیں جبکہ 2 کو جزوی نقصان پہنچا۔
ریسکیو آپریشن میں نیوی، کے ایم سی اور کے پی ٹی کی 12 فائر ٹینڈرز نے حصہ لیا اور 4 گھنٹے کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا تاہم مقامی افراد کا کہنا تھا کہ فائربریگیڈ کے تاخیر سے پہنچنے کی وجہ سے نقصان زیادہ ہوا۔
فش ہاربر پر لگنے والی آگ سے جہاں کروڑوں روپے مالیت کا نقصان ہوا ہے، وہیں ایک جنرل اسٹور کے مالک نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے 10 لاکھ روپے بھی جل گئے ہیں۔
متاثرہ دکاندار کے مطابق جنرل اسٹور پر لانچوں پر کام کرنے والے پیسے رکھواتے ہیں، صبح دکان کھولنے آیا تو پتا چلا رات میں آگ سے دکان جل کرمنہدم ہوگئی۔