27 دسمبر ، 2019
دنیا میں بہت سے لوگوں کو خطروں سے کھیلنے کا شوق ہوتا ہے اور وہ اس سلسلے میں نت نئے کارنامے بھی انجام دینے کو تیار ہو جاتے ہیں۔
لیکن آج ہم آسمان کی بلندیوں سے لے کر سمندروں کی گہرائیوں میں چھلانگ لگانے والوں کا ذکر نہیں کر رہے۔
ہوا میں ہزاروں فٹ کی بلندی پر پینٹنگ کرنا ہمیں ایک ناممکن سی بات لگتی ہے مگر ایڈوینچر کے شوقین افراد کے لیے یہ بھی ایک طرح کا کھیل ہی ہے۔
آج ہم آپ کو ایسی ہی ایڈوینچر سے بھرپور خاتون کے بارے میں بتائیں گے جن کے نرالے اور خطرناک شوق نے لوگوں کو حیرت زدہ کر دیا ہے۔
مشیل نرومنڈریڈ نامی خاتون ایک عام آرٹسٹ نہیں بلکہ یہ ہوا میں ہزاروں فٹ کی بلندیوں پر کینوس پر رنگ بکھیرنے والی انوکھی خاتون ہیں۔
مشیل نرومنڈریڈ 13 ہزار فٹ کی اونچائی سے اسکائی ڈائیونگ کرتے دوران کینوس پر اپنے ہاتھوں اور پاؤں کا سہارا لیتے ہوئے پینٹنگ کرتی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ پینٹنگز انسانی خواہشات کا تجربہ اور اُن کے لیے جنت کا ٹکڑا ہیں، جسے انہوں نے ’کیپچرڈ دی اسکائی‘ کا نام دیا ہے۔
مشیل نرومنڈریڈ نے 11 سال قبل اسکائی ڈائیونگ کا آغاز کیا تھا اور اب وہ اسکائی ڈائیونگ میں اس قدر مہارت حاصل کر چکی ہیں کہ آسمان کی بلندیوں میں کینوس پر رنگ بھرنا بھی انہیں مشکل نہیں لگتا۔