07 فروری ، 2012
راولپنڈی…ممبئی حملہ کیس کے نئے وکیل صفائی خواجہ حارث نے کمیشن کے ہمراہ ممبئی روانگی کے لیے اپنا پاسپورٹ اور دیگر سفری دستاویزات انسدا د دہشت گردی کی عدالت میں جمع کرا دی ہیں۔ ایف آئی اے پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ بھارتی گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرنے کے لیے کمیشن اسی ماہ بھارت جائے گا۔راول پنڈی کی خصوصی عدالت کے جج شاہد رفیق نے ممبئی حملہ کیس کی سماعت کی۔ مقدمہ میں گرفتار ملزم ذکی الرحمان لکھوی کے وکیل سینئر ایڈووکیٹ خواجہ سلطان کی وفات کے بعد ان کے بیٹے خواجہ حارث نے مقدمے کی پیروی کے لیے گزشتہ سماعت پر اپنا وکالت نامہ جمع کرا یا تھا۔ آج دوران سماعت انہوں نے بھارتی گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرنے کے لیے ممبئی جانے والے عدالتی کمیشن میں شمولیت کے لیے اپنی سفری دستاویزات جمع کرا ئیں جس کے بعد سماعت گیارہ فروری تک ملتوی کر دی گئی۔دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایف آئی اے کی جانب سے اسی مقدمے میں گرفتار ملزموں کی آواز کے نمونے حاصل کرنے کے لیے دائر درخواست کی سماعت کرتے ہوئے تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دیے۔