23 اگست ، 2012
کراچی…کراچی کے علاقے گزری سے پولیس نے دو بھتہ خوروں کو گرفتار کیا ہے، ان میں سے ایک شخص ایسا بھی ہے جس نے درس و تدریس کے شعبے کو داغدا ر کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق گزری میں واقع ایک تعلیمی ادارے کے مالک کو بھتے کے لیے دھمکی آمیز فون موصول ہورہے تھے، اطلاع ملنے پر معاملے کی چھان بین شروع کی گئی تو ابتداء میں تفتیش کاروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ جس نمبر سے متاثرہ شخص کو فون کالز موصول ہورہی تھیں وہ سم اسی کے شناختی کارڈ نمبر پر جاری ہوئی تھی۔ مزید تفتیش کرنے پر تعلیمی ادارے کے ہی ایک ملازم کو پکڑا گیا جس پر معاملہ کھلتا چلاگیا اور پھر اس کے مزید ایک ساتھی کو گرفتار کیا گیا۔ملزمان تو پکڑے گئے اور واردات بھی بے نقاب ہوگئی تاہم اس میں سب سے افسوسناک پہلو یہ ہے کہ پکڑے گئے دونوں افراد تعلیمی ادارے کے موجودہ اور سابق ملازمین ہیں جبکہ ملزمان میں سے ایک آرمی پبلک اسکول میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استاد ہے اور اس کے قبضے سے جعلی شناختی کارڈ، اینٹی کرپشن کا جعلی کارڈ اور ایک جعلی سرکاری نمبر پلیٹ والی گاڑی بھی برآمد ہوئی ہے۔