15 جنوری ، 2020
لندن: سابق وزیراعظم نواز شریف سے اقوام متحدہ میں پاکستان کی سابق مندوب ملیحہ لودھی نے ملاقات کی۔
سابق وزیراعظم نواز شریف 19 نومبر 2019 سے علاج کی غرض سے لندن میں مقیم ہیں جہاں ان کے مسلسل ٹیسٹ اور طبی معائنہ کیا جارہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق نواز شریف کا ڈرائیور اقوام متحدہ میں پاکستان کی سابق مندوب ملیحہ لودھی کو پارک لین فلیٹس لایا جہاں انہوں نے سابق وزیراعظم سے ملاقات کی۔
ملیحہ لودھی نے نواز شریف کی عیادت کی جس کے بعد نوازشریف کے صاحبزادے حسن نواز، ملیحہ لودھی کو دروازے تک رخصت کرنے آئے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سابق وزیراعظم نواز شریف سے افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی نے بھی ملاقات کی تھی اور ان کی خیریت دریافت کی تھی۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبی رپورٹس عدالت میں جمع کرائی جاچکی ہیں جس میں مکمل صحتیابی تک برطانیہ میں قیام کی سفارش کی گئی ہے۔