پاکستان
23 اگست ، 2012

عوام نے لٹیروں کو دوبارہ ووٹ دیئے تو حالات سنگین ہوجائینگے، منور حسن

عوام نے لٹیروں کو دوبارہ ووٹ دیئے تو حالات سنگین ہوجائینگے، منور حسن

لاہور … امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہاہے کہ عوام نے آئندہ انتخابات میں بھی لٹیروں کو سر پر بٹھایا تو ملکی حالات سنگین ہو جائیں گے اور قومی یکجہتی کو ناقابل تلافی نقصان ہو گا، بار بار آزمائے ہووٴں کو دوبارہ آزمایا گیا تو بہتری کے بجائے حالات کی خرابی میں مزید اضافہ ہوگا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کو کراچی سے واپسی پر منصورہ میں وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ ان کاکہناتھا کہ آرمی چیف قوم کے جذبات کو سمجھیں ، اگر ان کی سمجھ میں ہماری بات نہیں آتی، ہمارے مطالبے، اپیل اور درخواست پر کان نہیں دھرتے تو انہیں کم از کم ملکی مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے شمالی وزیرستان آپریشن سے ہاتھ کھینچ لیناچاہئے۔ ان کا کہنا ہے کہ دشمن ہمیں باہم دست و گریباں کر کے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے۔ سید منور حسن نے کہاکہ حکمران بے حسی اور ڈھٹائی کی تمام حدیں پھلانگ چکے ہیں، مہنگائی سے لوگوں کا جینا پہلے ہی دوبھر ہوچکاتھا جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے مہنگائی کا ایک نیا طوفان اٹھے گا جس سے عوام پر ناقابل برداشت بوجھ پڑے گا۔

مزید خبریں :