پاکستان
Time 18 جنوری ، 2020

پوری قوم کو سلیمان خان کی بہادری پر فخرہے، وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پوری قوم کو سلیمان خان کی بہادری پر فخرہے، یہ وہ نوجوان ہے جس نے انتہائی بہادری کا مظاہر ہ کرتے ہوئےکچلاک میں شدید برفباری کے باعث پھنسے 100 سے زائد افراد کو بچایا۔

وزیراعظم نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ پوری قوم کو سلیمان خان کی بہادری پرفخرہے جس نے بغیر کسی غرض کے انتہائی بہادری کا مظاہر ہ کرتے ہوئے برف میں پھنسے افراد کی مدد کی۔

سلیمان خان کو حکومت بلوچستان کی جانب سے اس بہادری کیلئے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ہے۔

خیال رہے کہ بلوچستان کے علاقے کچلاک سے تعلق رکھنے والا 30 سالہ نوجوان ہیرو بن گیا ہے جس نے گزشتہ ہفتے جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے برف سے ڈھکی سڑکوں میں پھنسے 100 سے زائد لوگوں کی زندگیاں بچائیں۔

خراب موسم کی صورتحال کے باعث سیکڑوں گاڑیاں برف میں پھنس گئی تھیں جن میں سوار مرد و خواتین اور بچے اور بزرگ شہری مناسب خوراک اور کپڑوں کی کے بغیر خطرے میں گھر چکے تھے۔

سلیمان خان نے نہ صرف ان لوگوں کو بچایا بلکہ اپنے گھر میں قیام و طعام کی پیشکش بھی کی۔

ریسکیو ہونے والے افراد نے بتایا کہ سلیمان لوگوں کو اپنے گھر لے گیا وہاں انہیں کھانا دیا جو بیمار تھے ان کی تیمارداری کی، انہیں بستر دیے اور جن گاڑیوں میں فیول ختم ہوگیا تھا انہیں اپنے پیسے سے فیول تک دیا۔

انسانیت اور رحم دلی کی مثال قائم کرنے والے سلیمان خان نے بتایا کہ میں نے یہ سب کچھ اللہ کی رضا کے لیے کیا میں نے دیکھا کہ لوگ برف کے طوفان میں پھنسے ہوئے ہیں اگر میں نے کوشش نہیں کی تو یہ لوگ شاید زندہ نہ رہیں اس لیے میں نے اپنے طور پر دوپہر دو بجے سے کام شروع کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ تو رات 12 بجے آئی مگر میں نے حاملہ خواتین، دل کے مریض اور معصوم بچوں کو ترجیہی بنیادوں پر نکالا۔

مزید خبریں :