Time 20 جنوری ، 2020
پاکستان

خیرپور میں یوٹیلیٹی اسٹورز کا سستا آٹامارکیٹ میں فروخت ہونے کا انکشاف

10 کلو آٹے کا تھیلا 450 روپے میں فروخت کرکے یوٹیلٹی اسٹورز والوں نے 50 روپے کا منافع کمایا،فوٹو:فائل

بدین کے بعد خیرپور میں بھی یوٹیلیٹی اسٹورز کا گڑبڑ گھٹالا سامنے آگیا، یوٹیلیٹی اسٹورز کا سستا آٹا مارکیٹ میں  فروخت کیا جارہا ہے۔

خیر پور  کے یوٹیلیٹی اسٹورز نے عوام کا آٹا دکانداروں کو بیچ دیا،10 کلو آٹے کا تھیلا 450 روپے میں فروخت کیا گیا اور ہر تھیلے پر یوٹیلٹی اسٹورز والوں نے 50 روپے کا منافع کمایا۔

یوٹیلیٹی اسٹورز سے آٹے کے تھیلوں کو گدھا گاڑی پر ڈال کر دکانوں تک منتقل کیا گیا جہاں دکاندار  10 کلو کا تھیلا 640 روپے میں شہریوں کو فروخت کررہے ہیں،  یعنی 400 روپے کا تھیلا عوام کو 240 روپے اضافے کے ساتھ مل رہاہے۔

بعض دکانداروں نے انکشاف کیا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹور والوں نےشرط عائد کی تھی کہ آٹا کھلا فروخت کریں یا پھر تھیلا تبدیل کرکے بیچیں۔

آٹے کے تھیلے گدھا گاڑی پر ڈال کر دکانوں تک منتقل کرنے کی ویڈیو بھی منظرعام پر آگئی ہے جس کے ہر تھیلے پر یوٹیلیٹی اسٹور واضح طور پر لکھا ہوا ہے۔

منیجریوٹیلیٹی اسٹورز زونل سکھر ریجن عمران گیلانی کا کہنا ہے کہ اگرملازمین نے آٹا دکانداروں کو فروخت کیا ہے تو کارروائی کی جائے گی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 11جنوری کوبدین میں یوٹیلیٹی اسٹورز کا وزیراعظم ریلیف پیکج کا سامان اوپن مارکیٹ میں فروخت ہونے کی خبر پر وزیراعظم ہاؤس نے نوٹس لیا تھا۔

 اس حوالے سے مینیجنگ ڈائریکٹر یوٹیلیٹی اسٹورز عمر لودھی نے اپنی ٹیم پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں صحافیوں منہ بند کرانا نہیں آتا۔

عمر لودھی کا کہنا تھا کہ کسی کا منہ بند کرنا ہو تو 5 کلو چینی یا آٹا دے دو، پتہ نہیں آپ کو کب عقل آئے گی، وزیراعظم ہاؤس کو کیا وضاحت دوں کہ یہ میری یا میرے عملے کی نالائقی ہے؟ 

مزید خبریں :