08 فروری ، 2012
بنگلور … بھارتی ریاست کرناٹک میں اسمبلی اجلاس کے دوران بی جے پی کے دو وزراموبائل فون پر فحش مناظر دیکھتے ہوئے پکڑے گئے، جس کا بھانڈا میڈیا نے پھوڑ دیا ۔کرناٹک میں اسمبلی اجلاس کے دوران گرما گرم بحث ہورہی تھی، اس وقت دو ریاستی وزیر موبائل فون پر فحش مناظر دیکھ رہے تھے۔ باہمی تعاون کے وزیرلکشمن سوادی کے موبائل فون پر یہ فلم چل رہی تھی اور بچوں کی بہبود کے وزیر سی سی پٹیل مل کر باری باری اسے دیکھ رہے تھے۔ میڈیا نے یہ افسوس ناک طرز عمل سب کے سامنے رکھ دیا، جس کے بعد عوام اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا۔ کرناٹک میں اپوزیشن جماعت کانگریس اور جنتا دل نے ان ارکان کواسمبلی سے نکالنے کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ وزرا کا کہنا ہے کہ اسمبلی میں ایک لڑکی کے ساتھ بیرون ملک زیادتی کے بارے میں بات ہو رہی تھی تو ہم اس وقت وہ متعلقہ وڈیو دیکھ رہے تھے جو کوئی جرم نہیں ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جس موبائل فون جس میں وہ شرمناک فلم تھی وہ ان دونوں کا نہیں بلکہ ایک تیسرے وزیر کرشنا پالمر کا تھا جو پورٹس کے وزیر ہیں۔