27 جنوری ، 2020
کراچی: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ایک ایک مافیا کو پکڑیں گے کسی کو نہیں چھوڑیں گے۔
کراچی میں ’کامیاب جوان‘ پروگرام کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارا سب سے بڑا اثاثہ نوجوان آبادی ہے، جوان پروگرام جتنا میرٹ پر چلے گا، اتنا ہی کامیاب ہوگا، جو بھی معاشرہ میرٹ سے ہٹتا ہے تو پیچھے رہ جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی محنت سے ملک ترقی کرتا ہے، ٹیلنٹ کے باوجود ہم دنیا سے مقابلہ نہیں کرپارہے، پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، بیرون ملک ہر شعبے میں پاکستانی آگے ہیں لیکن پاکستان میں ہم آگے نہیں بڑھ سکتےکیونکہ ہمارا سسٹم میرٹ کو پروموٹ نہیں کرتا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم سفارشی کلچرکی وجہ سے پیچھے رہ جاتے ہیں، 60 کی دہائی میں ہماری بیوروکریسی بین الاقوامی معیار کی تھی، جیسے جیسے ہم میرٹ سے پیچھے گئے تو ہمارا ملک پیچھے چلاگیا۔
ان کا کہنا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت میرٹ پر قرضے دیے جائیں گے، اس میں کوئی سفارش نہیں چلے گی، اِس پروگرام میں درخواست گزاروں میں کسی قسم کاامتیاز نہیں کریں گے، نچلے طبقے کو اوپر لانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نے جتنے بھی خواب دیکھے ہیں، سب پورے ہوئے ہیں، ابھی مشکل وقت ہے، یہ وقت قوم کی آزمائش کا وقت ہے، مشکل وقت زندگی کا حصہ ہے، اس سے گھبراتے نہیں، برا وقت سیکھاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’اپنی ٹیم کو بھی کہتا ہوں گھبرایا نہ کرو، وفاقی کابینہ کے اجلاسوں میں وزیروں کو گھبرائے ہوئے دیکھتا ہوں، ان کی شکلیں اتری ہوئی ہوتی ہیں، وزیرکہتے ہیں کہ لوگ یہ کہہ رہے ہیں، منہگائی ہوگئی، اس سے ہم سیکھتے ہیں، مہنگائی ہوگئی تو انشاءاللہ یہ جو مافیا اس ملک میں پیسے بنانے کے لیے مہنگائی کرتے ہیں، ایک ایک مافیا کو پکڑیں گے، کسی کو نہیں چھوڑیں گے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ میرا خواب ہے، پاکستان کو وہ ملک بناؤں جو قائداعظم اور علامہ اقبال کی خواہش تھی۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں میں ملک میں گندم بحران کے باعث آٹے کی قیمتیں آسمان تک پہنچ گئی تھیں اور آٹا 70 روپے فی کلو دستیاب ہے۔
اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کو رپورٹ پیش کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ آٹا بحران منصوبہ بندی کے تحت ہوا، سیاسی شخصیات بھی ملوث ہیں۔