24 اگست ، 2012
ٹنڈو آدم …ٹنڈو آدم تشدد کیس میں گرفتار 15 میں سے 10 ملزمان کو ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔جبکہ حیدرآباد میں مقدمے کے مرکزی ملزم کو فرار میں مدد دینے کے الزام میں گرفتار دو پولیس اہلکاروں کی ضمانت منظور کرلی گئیں۔ٹنڈو آدم واقعے میں درج دو ایف آئی آر میں نامزد 15 ملزمان کو آج میر پور خاص میں جوڈیشل مجسٹریٹ ون کی عدالت میں پیش کیا گیا۔عدالت نے واقعے میں ہلاک ہونے والے غلام محمد کے ورثا کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آئی آر میں نامزد 7 ملزمان کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔واقعے میں زخمی علاقہ مکین کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آئی آر کے بھی 3 ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا جن کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا گیا۔جبکہ ایف آئی آر کے دیگر ملزمان کو عدالت پیش نہیں کیا جاسکا۔عدالت میں پیشی سے قبل ملزمان کی رہائی کے لئے خواتین نے جوہر آباد تھانے کا گھیراوٴ کیا اور نعرے بازی کی۔ دوسری جانب واقعے میں قتل ہونے والے شخص کے ورثا کی جانب سے مقدمے میں نامزد ملزم کو سول اسپتال حیدرآباد سے فرار کرانے کے الزام میں گرفتار دو ملزمان کو بھی حیدرآباد میں عدالت میں پیش کیا گیا۔عدالت نے دونوں اہلکاروں کی بیس بیس ہزار روپے کی ضمانتیں منظور کرلیں۔