24 اگست ، 2012
نئی دہلی …بھارتی مرکزی بینک نے پاکستان سے تعلق رکھنے والے شہری یا کمپنی کو بھارت میں براہ راست سرمایہ کاری کی اجازت دے دی۔امن کی آشا کے تحت دنوں ممالک کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات اب ثمرات کی صورت میں نظر آنا شروع ہوگئے ہیں۔ بھارتی مرکزی بینک کی جانب سے پاکستانی شہری یا کمپنیوں کی بھارت میں سرمایہ کاری کے حوالے سے باضابطہ اعلامیہ جاری کردیا گیاہے۔بھارتی مرکزی بینک کے مطابق پاکستانی شہری یا کمپنیاں، بھارت میں کسی بھی شعبے میں سرمایہ کاری کرسکتی ہیں، لیکن دفاع یا ایٹمی شعبے میں سرمایہ کاری کی اجازت نہیں ہوگی۔ اعلامیے کے مطابق پاکستانی شہری یا کمپنیاں اسٹاک مارکیٹ میں درج بھارتی کمپنیوں میں کے حصص کی خریدو فروخت بھی کرسکتی ہیں، تاہم کسی بھی قسم کی سرمایہ کاری ، فارن انوسٹمنٹ پروموشن آف انڈیا کی اجازت کے بغیر نہیں کی جاسکے گی۔