01 فروری ، 2020
گندم کی افغانستان اسمگلنگ میں ملوث ہونے کے الزام میں 2 کسٹم کلیکٹروں کو معطل کردیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اسلام آباد میں بریفنگ کے دوران بتایا کہ گندم اسمگلنگ میں ملوث کوئٹہ کلیکٹوریٹ کے دوکلیکٹروں کو معطل کردیا گیا ہے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اسمگلنگ میں ملوث ہونے کے الزام میں دونوں اہلکاروں کو ان کے عہدوں سے معطل کرکے او ایس ڈی بنا دیا گیا ہے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات نے مزید بتایا کہ پاک افغان بارڈر طورخم پر کسٹم اہلکاروں نے اسمگلنگ کی نشاندہی کی ہے اور 355 گاڑیوں کی نشاندہی کے بعد کوتاہی کرنیوالوں کے خلاف انکوائری شروع کردی گئی ہے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ نظام سے کرپشن کا خاتمہ وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے، وزیر اعظم نے کہا احتساب کا عمل منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم حکومت کرنے نہیں بلکہ نظام بدلنے آئے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ سے ملک میں آٹے کا بحران پیدا ہوگیا ہے جس کے باعث آٹے کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بحران سے نمٹنے کے لیے 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم برآمد کرنے کی بھی منظوری دی ہے۔
آٹا بحران کی بڑی وجہ گندم کی ضرورت سے زیادہ برآمد اور اسمگلنگ بتائی جارہی ہے۔