24 اگست ، 2012
لاہور …پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے ترجمان محمد اکرم چوہدری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت 2 روپے میں روٹی بیچنے کے ڈھونگ کے بعد آٹے کی قیمتیں کنڑول کرنے میں بھی بری طرح ناکام ہو گئی ہے، پنجاب حکومت فلور ملز مالکان کی بجائے عوام کے مفاد کا تحفظ کرے۔ انہوں نے فلور ملز کی طرف سے ازخود آٹے کی قیمتوں میں اضافے اور پنجاب حکومت کی خاموشی پر اپنے شدید ردعمل میں کہا کہ حکومتی صفوں میں بیٹھا ہوا آٹا مافیا منصوبہ بندی کے تحت سرکاری گندم فلور ملز کو فراہم کرنے کی راہ میں رکاوٹ بنا ہوا ہے پنجاب کے عوام خادم اعلیٰ سے پوچھ رہے ہیں کہ انہوں نے رواں سال کے بجٹ میں آٹے کی قیمتیں کنٹرول کرنے کے نام پر 27 ارب روپے لیے یہ خطیر رقم کہا ں خرچ ہو رہی ہے؟ انہوں نے کہا کہ لگتا ہے کہ آٹے کو سستا کرنے کے نام پر خزانے سے لیے گئے 27 ارب میٹروبس منصوبے میں خرچ ہو رہے ہیں ۔