24 اگست ، 2012
لاہور…امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہاہے کہ پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں بارشوں سے نہیں بلکہ بھارت کی طرف سے دریاوٴں کا رخ پاکستان کی طرف موڑدینے سے ہورہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید منور حسن کاکہنا تھاکہ کشمیر پر غاصبانہ قبضے کی وجہ سے پاکستان کی طرف آنے والے دریاوٴں پر وہ قابض ہے اور ان پر کئی درجن ڈیم بنا لیے ہیں۔وہ جب چاہتاہے دریاوٴں کا پانی روک کر ہماری زمینوں کو صحرا میں تبدیل کر دیتاہے اور جب چاہتاہے بارشوں کے دوران پانی چھوڑ کر ہماری بستیوں کو ملیا میٹ کر دیتاہے۔ سید منور حسن نے کہاکہ بلوچستان حکومت میں شامل ن لیگ اور جے یو آئی بلوچستان کے عوام کی محرومیوں کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کریں۔ چیف جسٹس کا یہ کہنا بجا ہے کہ بلوچستان میں مجرموں کو سب سے زیادہ سہولتیں اور آسانیاں حاصل ہیں اور ملکی سلامتی کے ادارے اور ایجنسیاں اپنے فرائض کو پورا کرنے اور شورش کا بروقت سدباب کرنے میں بری طرح ناکام رہی ہیں۔