24 اگست ، 2012
اسلام آباد … وزیراعظم نے وفاقی وزیر داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ ملک میں موبائل فون سروسز کے غلط استعمال کی روک تھام کیلئے فوری اقدامات کریں تاہم عام آدمی کیلئے مشکلات پیدا نہ کی جائیں۔ وزیراعظم راجا پرویز اشرف سے وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک نے وزیراعظم ہاوٴس اسلام آباد میں ملاقات کی ہے جس میں ملک کی مجموعی امن وامان کی صورتحال پر تبادلہٴ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے وفاقی وزیر داخلہ سے کہاکہ موبائل فون سروسز پاکستانیوں کیلئے بہت بڑی سہولت اور غیر ملکی سرمایہ کاری کا بہترین ذریعہ ہیں تاہم اس کے غلط استعمال کی روک تھام کے اقدامات یقینی بنائے جائیں اور عام آدمی کیلئے کوئی مشکلات پیدا نہ کی جائیں۔ رحمان ملک نے وزیراعظم کو بتایاکہ عید الفطر کے موقع پر سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر موبائل فون سروس کو بلاک کرنا پڑا، وزیراعظم نے موٴثر سیکیورٹی انتظامات پر انہیں خراج تحسین بھی پیش کیا۔