07 فروری ، 2020
ورلڈ کرائم انڈیکس میں دنیا کے 386 شہروں میں کراچی 93 ویں نمبر پر آگیا جو ظاہر کرتا ہے کہ شہر کے جرائم میں کمی آئی ہے۔
دنیا بھر میں صحت، ٹریفک، جرائم اور آبادی سمیت دیگر چیزوں کے اعدادوشمار پر نظر رکھنے والے ادارے نمبیو کی عالمی درجہ بندی کے مطابق وینزویلا کا شہر کراکس سب سے زیادہ بد امنی والا شہر ہے جبکہ اس فہرست کے ابتدائی 10 نمبروں میں جنوبی افریقا اور برازیل کے شہر شامل ہیں۔
عالمی درجہ بندی کی فہرست میں بھارتی شہر نوائیڈا، نئی دہلی اور گُڑ گاؤں بالترتیب 61، 70 اور 72 ویں نمبر پر ہیں جبکہ دنیا کے 386 شہروں میں کراچی 93 نمبر پر آگیا جو ظاہر کرتا ہے کہ شہر کے جرائم میں کمی آئی ہے۔
2014ء میں چھٹے نمبر پر موجود شہر 2019ء میں 61 سے 71 ویں نمبر پر رہا جبکہ رواں سال کے آغاز پر جنوری میں کراچی، کرائم انڈیکس میں 88 ویں نمبر پر رہا اور رواں ماہ عالمی درجہ بندی میں کراچی 93 ویں نمبر پر آگیا ہے۔
عالمی درجہ بندی کے مطابق کراچی میں گزشتہ 3 سال میں جرائم میں کمی آئی تاہم کرپشن اور رشوت ستانی میں اضافہ ہوا ہے۔
اس کے علاوہ پاکستان کے شہر لاہور اور اسلام آباد بھی کرائم انڈیکس میں 236 اور 306 نمبر ہیں یعنی جرائم کی شرح انتہائی کم ہے۔
جرائم کے اعتبار سے سب سے بہتر صورتحال متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظہبی، قطری دارالحکومت دوحہ اور تائیوان کے شہر تائپے کی ہے۔
خیال رہے کہ 2014 میں کراچی ورلڈ کرائم انڈیکس پر چھٹے نمبر پر تھا لیکن کراچی میں آپریشن کے بعد امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔