گورنر سندھ ایک اور اختیار سے محروم، محتسب اعلیٰ کی تقرری وزیراعلیٰ کے سپرد

گورنر سندھ عمران اسماعیل ایک اور اختیار سے محروم ہوگئے اور صوبائی محتسب اعلیٰ کی تقرری کا اختیار وزیر اعلیٰ کو دے دیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ کو اختیار دینے سے متعلق اسپیکر سندھ اسمبلی نے ترمیمی بل کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

نوٹفیکیشن کے بعد سندھ میں محتسب اعلیٰ کی تقرری کا اختیار وزیراعلیٰ کے سپرد ہوگیا ہے۔

نوٹیفیکشن کے مطابق گورنر سندھ نے ترمیمی بل پر 10 دن گزرنے کے باوجود جواب نہیں دیا جس کے باعث بل کو منظور سمجھا جائے اور ترمیمی ایکٹ کو فوری جاری کردیا جائے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سندھ اسمبلی کی جانب سے صوبائی محتسب اعلیٰ کی تقرری کا ترمیم بل منظور کیا گیا تھا لیکن اس بل پر گورنر سندھ کی جانب سے اعتراض لگایا گیا تھا۔ 

گورنر کے اعتراض کے بعد ایک بار پھر یہ بل سندھ اسمبلی سے منظور کیا گیا جس کے بعد مقررہ مدت میں منظور نہیں کیا گیا تو اسے قانونی حیثیت مل گئی ہے۔

خیال رہے کہ اِس وقت سندھ کے گورنر عمران اسماعیل ہیں جبکہ صوبے میں پاکستان پیپلزپارٹی برسراقتدار ہے۔

مزید خبریں :