سِبّی میلے کے دعوت نامے میں عمران خان کی جگہ نواز شریف کی تصویر لگادی گئی

بلوچستان حکومت نے سِبّی کے تاریخی اور ثقافتی میلے کے دعوت نامے میں وزیراعظم عمران خان کے بجائے نواز شریف کی تصویر لگا دی۔

رپورٹ کے مطابق سِبّی کے سالانہ میلہ مویشیاں کے لیے ہمیشہ کی طرح  ایک ہزار مہمانوں کے لیے خصوصی دعوت نامے چھپوائے گئے تھے۔

 اس سال صوبائی حکومت یا ضلعی انتظامیہ کی غلطی سے دعوت نامے پر وزیراعظم عمران خان کی جگہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی تصویر لگا دی گئی۔

ذرائع کے مطابق  صوبائی حکومت نے اس واقعے  سے لا علمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس غفلت کی ذمہ داری سبی کی ضلعی انتظامیہ پر عائد ہوتی ہوئی۔

دوسری جانب  سِبّی میں تاریخی اور ثقافتی میلے کی رنگا رنگ تقریبات کا آغاز ہوچکا ہے، میلے کا افتتاح صدر پاکستان عارف علوی نے کیا۔

 افتتاحی تقریب میں گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی اور  وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال بھی صدر کے ہمراہ تھے۔

 تاریخی اور ثقافتی میلے کی رنگا رنگ تقریبات کو دیکھنے کےلیے ملک بھر سے لوگوں کی بڑی تعداد سِبّی میں جمع ہونا شروع ہوگئی ہے۔

مزید خبریں :