کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے پولیو ٹیمز کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ

ملک بھر میں کورونا وائرس سے نمٹنے کی نئی حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے جس کے تحت پولیو سرویلنس ٹیموں کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

چین سے دنیا بھر میں پھیلنے والے مہلک کورونا وائرس کے پاکستان میں اب تک 4 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ تمام متاثرہ افراد حال ہی میں ایران سے واپس پہنچے ہیں۔

ایران سے پاکستان آنے والے 800 زائرین کو تفتان بارڈر پر پاکستان ہاؤس میں قائم قرنطینہ سینٹر میں ر کھا گیا ہے جہاں ان کی نگہداشت کی جارہی ہے۔

اب نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے کورونا وائرس سے نمٹنے کی نئی حکمت عملی تیار کرلی ہے جس کے تحت کورونا وائرس کی کمیونٹی کی سطح پر آگاہی اور نشاندہی کے لیے پولیو سرویلنس ٹیموں کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا گیا۔ 

نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی جانب سے مراسلہ ارسال کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے پولیو ورکرز بھی خدمات انجام دیں گے۔

مراسلے کے مطابق ورکرز کی کورونا سرویلنس کے حوالے سے باقاعدہ ٹریننگ کروائی جائے گی۔

مراسلے میں کہا گیا ہےکہ پولیو ایمرجنسی سینٹر کے ورکرز کورونا کی آگاہی اور کیسز کی بروقت نشاندہی کے لیے معاون ثابت ہوں گے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس سے چین میں اب تک 2912 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ ہزاروں متاثر ہیں۔

چین کے علاوہ امریکا اور ایران سمیت متعدد ممالک میں بھی کورونا وائرس سے 157 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جبکہ سیکڑوں افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

مزید خبریں :