پاکستان
Time 03 مارچ ، 2020

'عمران خان نے خود نواز شریف کو لندن بھیجا، اب قوم کے سامنے جھوٹ نہ بولیں'

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان نے خود نواز شریف کولندن بھیجا، اب قوم کے سامنے جھوٹ نہ بولیں، نواز شریف کو واپس لانے کی کوششیں حکومت کی منافقت ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں  بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے معاملے پر حکومت پر سخت تنقید کی۔

بلاول کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے نواز شریف کو واپس لانے کی بات ڈرامہ اور رونے دھونے کے سوا کچھ نہیں، نواز شریف مجرم تھے تو انہیں کیوں لندن بھیجا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کو کسی کی کرپشن میں کوئی دلچسپی نہیں،ان کا ایک ہی مقصد ہے کہ کٹھ پتلی راج جاری رہے، نواز شریف کو انہوں نے خود ہی این آر او دےکر باہر بھیجا تھا۔

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے ڈیل پر انہوں نے ایک بار پھر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے آئی ایم ایف کے پاس جانے پر خود کشی کرنے کا کہا تھا،ہم یہ نہیں کہتے کہ وہ خود کشی کریں بلکہ ہم چاہتے ہے کہ وہ آئی ایم ایف ڈیل پھاڑ کر دوبارہ مذاکرات کریں۔

لاپتہ افراد کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ  مسنگ پرسنز کے معاملے پر ہمیشہ آواز اٹھائی ہے، ریاست کے پاس ایسی طاقت نہیں ہونی چاہئیےکہ وہ اپنے شہریوں کو لاپتہ کرے، دنیا بھر میں جیسے انسانی حقوق ہیں، ہمیں بھی وہی اپنانے ہوں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ ریاست کو مختلف آوازیں دبانے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے ، عمران خان کو جلد پتہ چل جائے گا کہ یہ کوشش انہیں طاقت نہیں دے سکتی۔

حکومت نے نوازشریف کی واپسی کے لیے برطانیہ کو خط لکھ دیا

خیال رہے کہ حکومت نے لندن میں زیر علاج سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی کے لیے برطانوی حکومت کو خط لکھ دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی سفارش پر وزارت خارجہ کے ذریعے برطانوی حکومت کو خط لکھا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف سزا یافتہ مجرم ہیں لہٰذا انہیں واپس بھجوایا جائے۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف 19 نومبر 2019 سے علاج کی غرض سے لندن میں مقیم ہیں جہاں ان کے مسلسل ٹیسٹ اور طبی معائنہ کیا جارہا ہے۔

25 فروری 2020 کو پنجاب حکومت نے نوازشریف کی ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کردی تھی جس کے بعد صوبائی حکومت نے وفاق کو کارروائی کے لیے خط لکھا تھا۔

مزید خبریں :