27 اگست ، 2012
کوئٹہ…جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمن بلوچستان کے امیر سینیٹرمولانا محمد خان شیرانی نے کہا ہے کہ جمعیت ایسی کسی بھی تحریک کا حصہ نہیں بنے گی جو جمہوریت کے خلاف ہو،یہ بات انہوں نے ضلع موسیٰ خیل میں جمعیت کی بلوچستان میں انتخابی مہم کے آغاز کے حوالے سے منعقد ہ شیخ الہند کانفرنس سے خطاب میں کہی، ان کا کہنا تھا کہ 65سال گزرنے کے باوجود یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ ملک کا اصل مالک کون ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقتدر قوتوں کو ملک و قوم سے زیادہ اپنا اقتدار زیادہ عزیز ہے، ان کا کہنا تھا کہ سویت یونین کے خاتمے کے بعد نیٹو کے برقرار رہنے کا کوئی جواز نہیں اور نیٹو کو برقرار رکھنے کا واحد مقصد مغربی دنیا کو اسلامی دنیا کے مقابلے میں مضبوط بنانا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نام نہاد دہشت گردی کے خلاف جنگ ہمارے خطے پر مسلط کی گئی، دشمن کی کوشش ہے کہ ہمیں آپس میں لڑوا کر اپنے مذموم مقاصد حاصل کئے جائیں۔