پاکستان
27 اگست ، 2012

خیبر پختون خوا کابینہ نے بر طرف پانچ ہزار ملازمین بحال کرنیکی منظوری دیدی

خیبر پختون خوا کابینہ نے بر طرف پانچ ہزار ملازمین بحال کرنیکی منظوری دیدی

پشاور…خیبر پختون خوا کابینہ نے 1996,98میں برطرف کئے گئے پانچ ہزار سے زیادہ ملازمین کو بحال کرنے کی منظوری دی ہے۔صوبائی حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔خیبر پختون خوا کابینہ کے فیصلوں سے متعلق میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات میاں افتخارحسین نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن کا فیصلہ ہوا تو صوبائی حکومت کو ضروراعتماد میں لیاجائیگا کیونکہ آئی ڈی پیز کا دباوٴ خیبر پختون خواحکومت پر پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے 1996سے 98 میں برطرف کئے گئے 5131 سرکاری ملازمین کوبحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عدالتوں کو دہشت گردوں کے حوالے سے جرات مندانہ فیصلے کرنے ہوں گے۔خیبر پختونخوا حکومت نے گلگت بلتستان میں پائیدار امن کے قیام کے لئے تعاون کی پیش کش کی۔ میاں افتخارکا کہنا تھا کہ شاہراہ قراقرم کو محفوظ بنانے کے لئے مزید ایف سی تعینات کی جائے گی جبکہ 150جوان بھرتی کیئے جائیں گے۔سرحد پار سے حملوں پر صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نیٹوافواج کی موجودگی میں افغانستان سے پاکستان پر دہشت گرد حملے لمحہ فکریہ ہیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے دعویٰ کیا کہ دہشت گردی کے واقعات میں کمی سے عوام کا حکومت پر اعتماد بڑھا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے وفاق سے ایف سی کی 180 پلاٹونز کی واپسی کے لئے رابطہ کیا ہے۔

مزید خبریں :