08 فروری ، 2012
پشاور … وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں کے لئے میڈیکل کالج کے قیام کا منصوبہ گزشتہ 35 سال سے التواء کا شکار ہے۔فاٹا میڈیکل کالج کا اعلان سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو نے کیا تھا، تاہم موجودہ فاٹا اراکین پارلیمنٹ میڈیکل کالج باجوڑ ایجنسی میں قائم کرنے پر متفق ہو گئے ہیں۔ فاٹا میڈیکل کالج کے قیام کا اعلان سابق وزیر اعظم ذوالفقارعلی بھٹو نے کرم ایجنسی کے دورے کے دوران کیا تھا اور کالج کرم ایجنسی میں قائم ہونا تھا۔ تاہم مختلف وجوہات کی بناء پر منصوبے پر عمل نہ ہوسکا۔ چند سال قبل سابق گورنر سرحد افتخار حسین شاہ نے بھی فاٹا میں میڈیکل کالج کے قیام کے اعلان کو دہرایا، لیکن کوئی نتیجہ نہ نکل سکا۔ موجودہ حکومت نے 2009 میں فاٹا کے اراکین پارلیمنٹ کو کالج کے لئے جگہ کے تعین کا کام سونپا تاہم اراکین پارلیمنٹ کے درمیان اتفاق قائم ہونے میں 4 سال لگے۔ فاٹا کے پارلیمانی لیڈر منیر خان اورکزئی نے چند روز قبل فاٹا سیکریٹریٹ کو ایک خط کے ذریعہ مطلع کیا کہ فاٹا اراکین پارلیمنٹ فاٹا میڈیکل کالج باجوڑ ایجنسی میں قائم کرنے پر متفق ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق باجوڑ ایجنسی کا انتخاب دیگر ایجنسیوں کی نسبت زیادہ آبادی، اسپتال کی موجودگی اور نسبتاً بہتر امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا۔ باجوڑ ایجنسی کی تحصیل خار میں 500 کنال اراضی پر کالج اور ہاسٹل تعمیر کیے جائیں گے۔