پاکستان
Time 08 اپریل ، 2020

سندھ حکومت کی صوبے بھر کے تمام اسپتالوں کو او پی ڈی سروسز بحال کرنے کی ہدایت

کراچی میں وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سندھ بھر کے تمام اسپتالوں کو اوپی ڈیز کھولنے کی ہدایات کی گئیں— فوٹو: فائل

سندھ حکومت نے صوبے بھر کے تمام اسپتالوں کو او پی ڈی سروسز بحال کرنے کی ہدایت کردی۔

کراچی میں وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سندھ بھر کے تمام اسپتالوں کو اوپی ڈیز کھولنے کی ہدایات کی گئیں۔

وزیر صحت نے کہا کہ اگر کوئی اسپتال او پی ڈی نہیں کھول سکتا تو بذریعہ ٹیلی میڈیسن سہولیات فراہم کرے۔

اجلاس میں تمام اسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس (ایم ایسز) نے بذریعہ وڈیولنک شرکت کی۔

اس موقع پر وزیر صحت نے کورونا کے مریضوں کے لیے الگ وارڈز اور عملہ مختص کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ کورونا کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز اور عملے کو ہیلتھ سیفٹی کی آن لائن ٹریننگ دی جائے گی۔

عذرا پیچوہو نے مزید کہا کہ انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں کام کرنے والے عملے کو پی پی ای (کورونا سے بچاؤ کی کٹ) کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ آئسولیش وارڈ کا اسٹاف چھ چھ گھنٹے کام کرے گا اور انہیں رہائش کے لیے علحیدہ جگہ فراہم کی جائے۔

خیال رہے کہ 17 مارچ کو حکومت سندھ نے تمام بڑے سرکاری اسپتالوں کی آؤٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹس (اوپی ڈیز ) کو 15 دن کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

مزید خبریں :